Skip to content

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

حرمت والامہینہ – ذیقعد

از قلم ۔شہلا خضر۔۔۔ پاکستان

ذیقعد کا چاند نظر آتے ہی حرمت والے مہینے کا آغاز ہو جاتا ہے

ان مہینوں کا احترام عرب کے زمانہ جاہلیت میں بھی کیا جاتا تھا۔ روایات سے پتہ چلتا ہے عرب کےلوگ حرمت والے مہینے (ذیقعد، ذوالحج، محرم اور رجب) میں ہر طرح کے لڑائی جھگڑے، فتنہ و فساد، قتل وغارت گری، لوٹ مار سے اجتناب کرتے تھے
حتی کہ باپ کا قاتل بھی سامنے آجاتا تو اسے کوئی نقصان نہیں پہنچاتے تھے۔

آج ہم دنیا میں اتنے غافل ہوچکے ہیں کہ حرمت والے مہینے آکر گزر جاتے ہیں اور ان کا احترام تو درکنار ہمیں احساس تک نہیں ہوتا۔

یہ پیغام ایک یاد دہانی ہے کہ ان مہینوں کا احترام اللہ رب العزت نے فرض قرار دیا ہے اور احترام کا تقاضہ ہے کہ ہماری زبان اور ہاتھ سے کسی کو کوئی تکلیف نہ پہنچے۔
لڑائی جھگڑا، گالی گلوچ سے بچنا ہے اور لڑائی تک پہنچانے والے تمام اعمال جیسے غیبت، بدگمانی، حسد، کینہ، بغض، طعنہ زنی، تمسخر، ایک دوسرے کو برے القاب دینا، ان سب سے بچنا ہے
ان شاءالله

خود بھی امن وسکون سے رہیں اور دوسروں کو بھی امن سکون سے رہنے دیں۔

اس کے ساتھ ساتھ اللہ سبحانہ و تعالی کو نیک اعمال سے راضی کرنا ہے
جیسے کہ پہلے بتایا گیا ہے کہ ان مہینوں کا احترام قرآن وسنت سے ثابت ہے تو احترام کا تقاضہ یہ بھی ہے کہ گناہوں سے، اللہ تبارک و تعالٰی کی نافرمانی کے کاموں سے بچا جائے اور اللہ تعالٰی کی رضا و خوشنودی حاصل کرنے کے لئے کثرت سے نیک اعمال کئے جائیں

نماز اور تلاوت و تدبر قرآن کی پابندی کے ساتھ ساتھ، امرباالمعروف ونہی عن المنکر اور صلۂ رحمی کی جائے، کثرت سے استغفار اور اللہ تعالی کا ذکر کیا جائے
کثرت سے صدقہ وخیرات کا اہتمام کیاجائے

یعنی ہر وہ کام جو اللہ سبحانہ وتعالی کو راضی کرے، بڑھ چڑھ کر کرنا ہے اور جن سے اللہ تعالٰی ناراض ہو ان سے خود بھی بچناہےاور دوسروں کو بھی بچانا ہے
ان شاء اللہ

اللہ تعالی ہمیں توفیق دے، ہم سے راضی ہو جائے اور ہمارا خاتمہ ایمان کی حالت میں کرے
آمین یا رب🤲