زبیر منصوری
پاکستان
میری بیٹیوں کے لئے
ستمبر ۔یوم حجاب پر میری ایک پرانی اور پسندیدہ تحریر میری بیٹیوں کے لئے😊
پیاری پیاری بیٹیوں کو اسکارف اورحجاب میں لپٹاباوقار انداز سے چلتا پھرتا دیکھتا ہوں تو دل میں خوشی کی لہر دوڑ جاتی ہے،
بلیک ،وائٹ ،پاکستانی، ٹرکش مختلف رنگوں اور ڈیزائن کے عبایہ مختلف رنگوں کے مختلف شیڈز کے خوبصورت اسکارف پہنے کہیں یونی ورسٹی میں تو کہیں راستے میں کہیں بچیوں کے کسی پروگرام میں تو کسی ورکشاپ میں انہماک سے بات سنتیں ،کسی بات پر مسکراتیں ،کوئی سوال کرتیں یا خود کسی ڈسکشن میں حصہ لیتیں یہ حوا کی بیٹیاں یہ امی عائشہ رض کی پیاری بچیاں مجھے آقا ص کے گلشن کی کلیاں معلوم ہوتی ہیں
دجال کے عہد میں امہات المومنین رض اور سیدہ فاطمہ رض کی سیرت سے رہنمائی کشید کرتیں سروں کو ڈھانپتیں،زینتوں کو چھپاتیں ،خود کوحیا و حجاب کے رنگوں سے مزین کرتیں یہ بچیاں اسلامی معاشرے کی علامتیں ہیں ،یہ تیزی سے پھیلتے بے حیائی کے سونامی کے سامنے ہماری تہذیبی روایت کے بند ہیں ،یہ چلتے پھرتے روشنی کے چھوٹے چھوٹے مینار ہیں ،یہ اس دور میں کہ جب سر چادروں اور جسم لباسوں سے محروم ہو رہے ہیں میرے نبی ص کی سنتوں کو تازہ کر کے شہیدوں کے اجر پانے والی بنات اسلام ہیں ،
بیٹیو! میری عزیز بیٹیو!
وہ دیکھو طوفان چڑھا چلا آ رہا ہے اور اس نے عورت کو اپنا ہراول دستہ بنا لیا ہے وہ دیکھو شیطان کے ماہر نفسیات فیشن ڈیزائنرز،ڈرامہ رائیٹرز ، پروڈیوسرز،ایکٹرز اور میڈیا ایکسپرٹس نے نبی مہربان ص کے عطا کردہ مضبوط حصاروں کی تعریف بدل کر تمہاری حفاظت کے حصار کوتمہارے سامنے قید خانہ بنا کر پیش کر دیا ہے
وہ تمہیں آزادی کے دھوکہ میں ڈال کر تم سے تمہاری مضبوط ڈھالیں چھین لینا چاہتا ہے
تمہیں اچھا لگنے ،اور اچھا لگنے ،اور اچھا لگنے کی دوڑ میں لگا کر تمہاری معصومیت ،تمہاری اوریجنیلٹی ، تمہارا وقار چھین لینا چاہتا ہے
میری بچیو!
وہ تمہاری نظروں کو وقتی چمک دمک سے خیرہ کر کے تمہاری نسل کو شوکیس کا مال بنا دینا چاہتا ہے
وہ درندوں کے پٹے کھول چکےاور تمہارے گھر کے مضبوط حصاروں اور محرم رشتوں کی پناہ گاہوں سے نکال کر تمہیں ان کا تَر نوالہ بنا دینا چاہتا ہے
میری عزیز بیٹیو !
عقلمند وہی ہوتا ہے جو دوسروں کے تجربوں سے سیکھ کر خود کو بچا لیتا ہے کیونکہ کچھ تجربےایسے ہیں جن کے بعد پھر انسان کے پاس بچانے کے لئے کچھ بچتاہی نہیں۔۔۔!
میری بچیو!
حجاب ڈے کا پیغام یہی ہے کہ لباس سے لے کر سوچ اور خیالات تک کے حجابوں کو برقرار رکھنا،اسی میں تمہارا بھلا ہےخوش رہوعافیت باوقار وقدردان لوگوں کا ساتھ عطا ہو
#خودکلامی۔۔۔زبیر منصوری