Skip to content

وردہ شاکر

پاکستان

ہم جنس پرستی

 

ہم سب ہم جنس پرستی کو فروغ دینے والے فتنوں سے پریشان ہیں۔۔ امیر غریب، دین دار ، دنیا دار۔۔
جو لوگ بھی ابھی تھوڑا عقل و شعور رکھتے ہیں اس فعل کو بہت برا گناہ سمجھتے ہیں۔۔
ہم ہر سطح پر اس کو پھیلانے والے لوگوں کو لعنت ملامت کرتے ہیں ، کوستے ہیں۔۔ برا بھلا کہتے ہیں۔۔ فتوے لگاتے ہیں

لیکن ہم سب میں سے کتنے لوگ واقعتاً اپنے بچوں اور گھر کے لوگوں اس سے بچانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔۔

شاید بہت کم۔۔ اس میں کسی کی غلطی بھی نہیں کیونکہ ماں باپ ہونے کی حیثیت سے تو بچوں کے ساتھ یہ موضوع نکالتے ہوئے ہی انسان زمین میں گڑ جاتا ہے۔

اور استاد ہونے کی حیثیت سے بھی یہ اتنا آسان نہیں کیونکہ ہر ادارے کے کچھ اصول و ضوابط ہوتے ہیں۔۔

پھر کیا کیا جائے؟ کیا اپنے بچوں کو ان شیطانی ہتھکنڈوں کے آگے یونہی نہتا چھوڑ دیا جائے۔۔

یقین مانیں یہ کسی بل کے پاس ہونے سے زیادہ خطرناک ہے۔۔ ہم دنیا کے کسی بھی حصے میں رہیں ، وہاں کوئی بھی قانون ہو اگر ہمارا ایمان مضبوط ہے تو کوئی خطرہ نہیں اور اگر نفس برائی پر مائل ہوجائے تو کوئی قانون ، شریعت، تربیت روک نہیں پاتی۔۔

اللہ ہم سب کی اولادوں اور آنے والی نسلوں کو ہر قسم کے فتنوں سے بچائے۔۔ آمین

لیکن اس دعا کے ساتھ دوا بھی ضروری ہے۔

اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا ہے کہ ” اونٹ باندھ کر اللہ پر توکل کرو”

یعنی اپنی تیاری مکمل کر کے پھر اللہ کے بھروسے چھوڑ دو۔۔ ہم کسی مرض کی دوا نہ لیں اور سوچیں کہ اللہ دعا سے ہی شفا دے گا تو بے شک اللہ کے لئے تو یہ ناممکن نہیں پھر بھی اللہ ہماری کوشش دیکھتا ہے۔۔ یہ سب جانتے ہیں ۔۔

اب ہمیں اس ضمن میں کیا کوشش کرنی ہے۔۔

✅ سب سے پہلے تو خود اپنے نفس کو پاک رکھیں۔۔ نہ کسی کو بری نظر سے دیکھیں نہ دل میں کسی کے لئے برا سوچیں۔۔ ہر۔منفی چیز سے دور رہیں۔۔ نظر کے زنا سے بچیں۔۔ اگر آپ مرد ہیں تو نگاہیں نیچی کرلیں اگر کوئی عورت خود سے ہنس کے بات کرے تو کنارہ کرلیں۔۔ اگر آپ عورت ہیں تو خود کسی سے ہنس کر بات کرنے سے گریز کریں۔۔ یہ ہمارے باطن کو بہت حد تک بڑے گناہوں کہ ترغیب سے بچا لے گا۔۔

✅ اب دنیا کو سمجھ لیں۔۔ کبوتر کی طرح آنکھیں بند کرنے سے خطرہ ٹل نہیں جاتا بلکہ بلی کو مزید اعتماد مل جاتا ہے۔۔ مجھے یاد ہے تیس سال پہلے ہر دوسری فلم میں پیار محبت اور گرل فرینڈ بوائے فرینڈ دکھائے جاتے تھے۔۔ ایسا ہی ہے نا؟ آپ بتا دیں کوئی ایسی فلم خو آپ نے دیکھی ہو اور اس میں کسی کو کسی سے پیار نہ ہوا ہو۔۔ پیار بھی ایسا سچا اور پاکیزہ جس کے دنیا کی ہر چیز ہیچ۔۔ آج اپنے آس پاس دیکھ لیں ۔۔ ہر لڑکا اور لڑکی کسی نہ کسی سے پیار کرتے ہیں۔۔ یہ اتنا عام ہوگیا ہے جیسے کوئی بات ہی نہیں۔ اور اس کے لئے ہر طرح کے وسائل دستیاب ہیں۔۔ دس بارہ سال پہلے جب میں یونیورسٹی جاتی تھی۔۔ میرے پاس اتنے وسائل اور آزادی نہ تھی جتنے آج کل کے اسکول کے بچوں کے پاس ہیں۔۔ بتانے کا مقصد یہ کہ “میڈیا” دجال کا سب سے بڑا کارندہ ہے۔۔ یہ آہستہ آہستہ ایسی چیزوں کو قابل قبول بنا دیتا ہے جن کا پہلے ہم تصور بھی نہ کرسکتے ہوں۔۔
یہی کام اب ہم جنس پرستی کے لئے کیا جارہا ہے۔۔ آپ کوئی بھی فلم یا۔نیٹفلکس سیریز نکال لیں کہانی کچھ بھی ہو۔۔ چاہے قتل ہو یا خاندانی مسائل ایک کردار ایسا ضرور ہوتا ہے جس کو ہم جنس پرست دکھایا جاتا ہے۔۔ اگلے تیس سالوں میں ہم کہاں کھڑے ہوں گے۔۔ سوچ کر روح کانپ جاتی ہے۔

پھر بھی ہر چیز بچوں کی پہنچ میں ہے۔ مجھے بتائیں یہ جو والدین کہتے ہیں کہ بچہ مانتا نہیں سنتا نہیں۔۔ ان کے لئے راؤٹر اور موبائل کا پاسورڈ بدلنا کتنا مشکل ہے؟ زیادہ سے زیادہ کیا ہوگا۔۔ بچہ روئے گا، ضد کرے گا؟ کھانا نہیں کھائے گا؟ کتنے دن؟ اول تو اس نہج پر لے جانے سے پہلے اقدامات کریں دوسرا اگر یہ نوبت آ ہی گئی ہے تو یہ سمجھیں کہ کون سا نقصان زیادہ بڑا ہے۔۔

✅ بات کریں۔۔ اپنے بچوں کو بتائیں کہ شیطان ان کا کھلا دشمن ہے۔۔ دین سکھائے بغیر آپ کسی خیر کی امید نہ رکھیں۔۔ ہم میں سے اکثر بچوں نے عقیدہ توحید اور آخرت صرف اسکولوں میں اسلامیات کی کلاس میں ہی پڑھا ہے۔۔ اس کی روح کو نہیں سمجھا۔۔ اس کو زندگی میں کیسے لے کرچلنا ہے یہ نہیں سیکھا۔

✅ اس سے پہلے کہ بچوں کے دوست یا انٹرنیٹ انہیں جنسی تعلیم سے روشناس کروائیں۔۔ آپ خود صحیح وقت دیکھ کر مناسب الفاظ میں ان سے بات کریں۔۔ نہ اتنا کھلیں کہ والدین اور بچوں میں کوئی پردہ ہی نہ رہے اور نہ اتنا ہچکچائیں کہ بچے کے سوالات کہ جوابات نہ دیں سکیں ۔۔ اس کو زندگی کے دوسرے کاموں کی طرح لیتے ہیں جیسے کھانے کے آداب، ملنے جلنے کے آداب اور عبادت کے بارے میں سکھاتے ہیں ۔ بچوں کے ذہنوں میں خود اپنی جسمانیت کے حوالے سے کئی سوال ہوتے ہیں لیکن ہم ان چیزوں کو اتنا مشکل بنا دیتے ہیں کہ بعدازاں بڑی پریشانی اٹھاتے ہیں

✅ بچوں کی شادی میں جلدی کریں۔۔ جو بھوکا ہوگا وہ چوری کر کے کھائے گا۔۔ چوری سے بھی نہ ملے تو پیٹ بھرنے کے لئے شاید حرام چیز بھی کھا لے۔۔ اس سے بچیں۔ لڑکی ہو یا لڑکا نکاح آسان بنائیں۔۔

✅ اللہ سے ہمیشہ دعا کریں اور اس سے ڈریں جیسا کہ اس سے ڈرنے کا حق ہے۔

دنیا کے کینوس پر ابھرتی انسان کی دیدہ دلیری پر اللہ سے رحم کی امید رکھتی ہوں

وردہ شاکر