Skip to content

مجھے ہوا کرونا

ایک ساتھی بہن کی آپ بیتی۔

 By : Aisha Nadeem (Oshawa)

 

 

ایک لہر سی چل پڑی ہے۔ بہت طویل ہو رہی ہے یہ لہر۔ اللہ پاک اپنا رحم فرمائے۔ کتنی ہی  ہماری بہنیں اس بیماری کا شکار ہو رہی ہیں ۔لیکن کم ہی لوگ ہیں جو کہ اس مشکل وقت کو اللہ سے جڑنے کا ذریعہ سمجھتے ہیں ۔ 

 ایسی ہی ایک بہن اس بیماری کا شکار ہوئی ہیں اور اپنی آپ بیتی بڑے دلفریب انداز میں  پیش کرتی ہیں۔ آپ بھی سنئیے

سوچا تھا کسی کو نہیں بتاؤں گی کہ مجھے کرونا ہوا ہے  اور جب ٹھیک ہو جائے گا تو پھر  بتاؤں گی سب کو لیکن مجھ سے رہا نہیں گیا کہ آپ ہی تو میری بہنیں ہیں  

تو چلیے آج میں آپکو سناتی ہوں  اپنی تین دن کی کہانی 

……… تو جناب کرونا سے ہو ہی گئ ملاقات 

تین دن اتنی خاموشی سے کاٹ کیسے لیے؟ ۔۔
تو جناب کرونا سے ہوہی گئ ہماری ملاقات بھی ۔۔۔اور ساتھ ساتھ بیٹا بھی لپیٹے میں آ گیا ۔دو الگ الگ کمروں میں ہم بیچارے قید بے مشقت کے اسیر تھے سوچا کہ کیوں نہ ایک ہو جائیں۔ خوب گزرے گی جو مل بیٹھیں گے دیوانے دو ۔۔۔۔۔اس کرونا کے بہانے گھر کے کام سے تو ہوگئی چھٹی۔ جس کے لئے کوئ خاص محنت نہیں کرنا پڑی ۔لوگ تو ہماری چھینک کی آواز سے ہی ایسے بھاگے جیسے کہ بھوت کو دیکھر کوئی بھاگتا ہے ۔۔خیر جناب چھوڑئیے دکھڑے۔ ہاں تو میں کہہ رہی تھی کہ گھر کے کام سے ہوئی چھٹی۔ اب کمرے میں آرام سے حالات حاضرہ پر تبصرے کئے جاسکتے تھے ، بیٹے کے ساتھ حدیث ڈسکشن، سورتوں پر تبادلہ خیال ) کیا پلاننگ ہے، سبحان الله(۔ ایک ارطغرل کی قسط بھی دیکھ ہی لی ۔ ایک رات کو حلقہ قرآن والوں کا سورۃ التغابن پر دو گھنٹے کا پروگرام تھا ۔ سیرۃ حاصل مطالعہ رہا وہ بھی بڑے سکون سے اٹینڈ کیا الله اکبر، کسی نے تنگ نہیں کیا ۔
آج بیٹے کا پروگرام تھا کہنے لگا
 امی جان میں کرونا میں کیسے کروں گا پروگرام؟ 
آنٹی سے کہیے کہ مجھے مشکل ہوگی ۔۔
میں نے کہا کہ بھئ یہ بات تو سب ہی کہتے ہیں کچھ الگ کرو سب سے ، بولا وہ کیا ؟
میں نے کہا کہ عزیزم مزا تو جب ہے کہ دو گولی دوائی  کھاؤ اور پروگرام کردو ۔۔ کمپیوٹر پر بیٹھے کچھ نہ کچھ تو کر ہی رہے ہو۔ یادگارپروگرام ہو جائے گا ۔۔چلو بھئی الحمدلله پروگرام بھی ہوگیا۔ (اللہ بیٹےکی قدردانی کرے آمین ) ماں کے دل کی دعا ہے اللہ قبول فرمائے گا۔ ان شاءاللہ ۔۔
ایک اور مزیدار بات ،جتنی مرضی فون پر بات کر لو کوئ مسئلہ نہیں  ۔۔۔
لیکن کب سر میں درد شروع ہوا اور پھر وہ درد کمر میں چلا گیا ، انتہائی غیر مستقل مزاج بلکہ انتہائی غیر ذمہ دار سا درد ہے ۔ ایک جگہ ٹکتا ہی نہیں، بالآخر پورے جسم کو لپیٹ میں لیکر ہی چھوڑا ۔۔۔۔۔
……. اسی پر ایک شعر یاد آیا عرض ہے
سر میں رہتا ہے کبھی کمر میں رہتا ہے
عجب درد ہے ہر دم سفر میں رہتا ہے 
(امید ہے شعر پسند آیا ہوگا ۔۔)
    ……… اس بیماری میں بھی یہ مزاج شاعرانہ!  کیا کہنے جناب کے
 کھانسی تو جب شروع ہوتی ہے تو اپنی ہی آواز پہچان میں نہیں آتی۔ ایسا لگتا ہے کہ میرے گلے سے میاں صاحب بول رہے ۔ قریب قریب شوہر کی آواز سے مماثلت سی محسوس ہوتی ہے ۔۔ ) یہ انداز محبت، چشم بد دور(۔ ہاں البتہ شائستگی سے بات کرنے میں سازو آواز کا کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔۔۔)
بخار کی بھی آرزوئیں جاگیں کہ میرے اندر پناہ لے ۔۔ہم نے کہا کہ چلو خیر ہے سیرہ میں بھی بخار کا ذکر ملتا ہے ۔ ہائے ہائے کے جگہ اللہ اللہ پکاریں گے تواجر ملے گا ۔۔
اب جو صبح سویرے اللہ اللہ کا وجدان ہوا تو پورا گھر پریشان ۔۔میاں جی نے کہا کہ ٹیسٹ دوبارہ کرواتے ہیں تمہارا ۔۔تمہیں کرونا نہیں ہے شائد کچھ اور ہے ️
تم فون کو کان سے لگاؤ میں چاروں قل اور آیت الکرسی پڑھکر پھونک دیتا ہو۔۔
….ہمیں تو یہ آفر اتنی رومانٹک لگی کہ فورا حامی بھر لی دم درود کی

ویسے آدھی رات کو مجھے محسوس ہوا کہ کوئی گلا گھونٹ رہا ہے بیٹے کو ہالیا کہ بچے گلے کی یہ حالت ہے کیا کروں؟ پیارا بچہ بولا کہ امی جان یہ اس بیماری کی علامت ہے۔۔پریشان نہیں ہوں بس دعا پڑھئیے اور اپنی ہومیوپیتھک کی کوئی دوا کھا لیں آپکو اسی سے اطمینان ہوتا ہے ۔ کتنا عقلمند بچہ ہے ماشاءاللہ ۔
میں بھی خوش ہوگئ کہ چلو ہم  تحریکی لوگ ہیں ہماری آواز کو کون دبا سکتا ہے۔ آج ایک اور بات پتہ چلی کہ میرے ہاتھ پاؤں تو برف ہورہے ہیں اور پورے بدن کا ٹمپریچر کچھ اور ہے ۔۔ دل کو تسلی دی کہ باہر کچھ برف نظر آرہی ہے تو کمرے کے اندر ہاتھ برف ہوگئے تو اتنا برا نہیں ماننا چاہئے ۔ ویسے صورتحال قابو میں ہے ۔ بیٹے کے ساتھ فیملی ٹائم گزر رہا ہے ۔۔چکن سوپ بن کے آرہا ہے۔ دونوں ایک دوسرے کی تیمارداری کر رہے ہیں ۔۔اور ہاں اپنی داستان آپ کو سنا رہی ہوں اس لئے کہ دعاؤں کی ضرورت بہت ہے۔۔تو پھر آپ کریں گی نا میرے  لئے دعا ؟

ایک جگہ پڑھا تھا کہ زندگی میں ہمیشہ پوزیٹو رہیں کیا پتہ تھا کہ کرونا بھی پوزیٹو ہوگا ۔۔لیکن ایک کوشش ہے کہ وہ میرے ساتھ پوزیٹو ہے تو میں بھی اسکے ساتھ پوزیٹو ہی رہوں۔ آپ کا کیا خیال ہے ؟
اے اللہ میرے لئے اپنی رحمت کو خاص کر مجھے عافیت کی چادر میں ڈھانپ لینا میری”
خطاؤں کو معاف فرما مجھے اچھی صحت کے ساتھ زندگی عطا فرما۔۔۔۔۔اور میری دعا میری بہنوں کے اور بیٹے کے حق میں بھی قبول فرما آمین ثم آمین“۔
اللہ پاک ہماری بہن کے اور ان کے بیٹے کے حال پر اپنا رحم فرمائے۔ انہیں صحت کاملہ و عاجلہ نصیب فرمائے اور جو لوگ بھی اس بیماری کا شکار ہیں سب پر اپنا فضل فرمائے۔
أسألُ الله العظيم رب العرش العظيم أن يشفيك

طالب دعا ۔۔۔ثمینہ ضیاء 💕💕💞

1 thought on “مجھے ہوا کرونا”

Comments are closed.