Skip to content

رشیماں یسین  

مسی ساگا

ماں دینا کا بہترین تحفہ ہے 

رب العزت نے انسان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا اور بہترین انداز میں اسکی تخلیق فرمائ  ، کائنات کا سب سے پر خلوص اور انمول رشتہ ماں کا  ہے، ماں کا لفظ بہت وسیع معنی رکھتا ہے جس میں ممتا ،ایثار ، قربانی، پیار ومحبت ، عزم و حوصلہ ،دوست ہمدرد، راہنما،استاد، خلوص،معصومیت، دعا ،وفا،بے غرضی، لگن ،سچائ، پاکیزگی،سکون، خدمت، محنت،عظمت،عبادت،ایمان،دیانت ،جذبہ، جنت یہ سب ماں کی خوبیوں کی ایک جھلک ہے ،ورنہ اسکی خوبیاں تو اس قدر ہے کہ لفظ ختم ہوجاۓ یہ وہ عظیم ہستی ہے جو اپنی زندگی اپنی اولاد کے لئے وقف کردیتی ہے،جب بچہ بول بھی نہیں پاتا تو اسکی ضرورت کوسمجھتی ہے اور اسکی ضرورت کو پورا کرتی ہے اسکو بولنا سکھاتی اور انگلی پکڑ کر چلنا سکھاتی ہے اولاد کی خوشی میں خوش اور اسکے دکھ میں دکھی ہوجاتی ہے عمر کے ہر دور میں ساتھ دیتی ہے۔ماں کی گود دنیا  کا سب سے پہلا اور بڑا مکتب ہے، وقت گزرنے کے ساتھ بچہ جو کچھ بھی سیکھتا ہے اس میں ماں کا ہی کمال ہوتا ہے، اسلام ماں کے منصب اور اسکے احترام کا ضامن ہے۔ ماں کا وجود رحمت کی مانند ہے ، ماں کے جذبہ محبت کی بدولت اولاد کی تعمیر پختہ تر اور اس کی پیشانی کی سل وٹوں میں اولاد کی تقدیر پنہاں ہوتی ہےشیخ سعدی رح فرماتے ہیںمحبت کی ترجمان اگر کوئ ہے تو وہ صرف ماں ہےالطاف حسین حالی فرماتے ہیںماں کی محبت حقیقت کی آئینہ دار ہوتی ہےمشہور مغربی دانشور جان ملٹن نے کہاآسمان کا بہترین تحفہ ماں ہےغرض دنیا میں ایسا کوئ نہیں ہے جو ماں کی محبت اور اس کی اہمیت کا اعتراف نہ کرتا ہو

 ماں گھر کی سلطنت کا بنیادی اور اہم ستون ہے وہ اپنی اولاد کے ساتھ ساۓ کی طرح لگ کر ان کی تربیت کرتی ہے ماں ایک قابل اعتماد دوست اور اس کا دل اولاد کے لئے ایک کنواں ہے جہاں وہ اپنی اولاد کا ہر راز دفن کر لیتی ہے ماں کی اپنی اولاد کے لئے جو قربانیاں ہوتی ہیں اولاد زندگی بھر اس کا بدلہ نہیں دے سکتی ۔ماں محبت کا وہ سمندر ہے جو ہر وقت ٹھاٹھیں مارتا رہتا ہے جس کی محبت میں ذرہ برابر بھی کمی نہیں آتی ۔ بچے کو زندگی کے ہر شعبے میں سہارے کی ضرورت ہوتی ہے اور وہ سہارا اللّہ تعالی  کے بعد اس کی ماں ہوتی ہے ، ماں ایک دعا ہے جو ہر وقت الل٘ہ تعالیٰ کے آگے دامن پھیلاۓ رکھتی ہے ،سر بسجود ہوکر، کبھی ہاتھوں کو پھیلا کر کبھی  چلتے پھرتے اٹھتے بھیٹتے ، ماں کی خاموشی بھی ایک دعا ہے جو اس کی اولاد کو ہر مشکل وقت سے بچاۓ رکھتی ہے جب تک ماں زندہ رہتی ہے اپنے سارے بچوں کو جوڑے رکھتی ہے، ماں اولاد کے لئے ایک خاص مقام رکھتی ہے وہ ایک سایہ دار درخت کی حثیت رکھتی ہے، جس کے ساۓ میں اس کی ساری اولادیں آکر سکون پاتی ہیں ،میری ماں میری قابل اعتماد دوست باشعور اور سلیقہ شعار خاتون تھیں میری ماں کے ساتھ گزرا ہوا ایک ایک لمحہ میری زندگی کا بہترین وقت ہے میں نے انکی آنکھوں میں اپنے لئے ہمیشہ سچا پیار دیکھا جو دنیا میں کہیں نہیں ہے ،اسلئے دعا ہے جنکے والدین حیات ہیں الل٘ہ تعالی ان کا سایہ سلامت رکھیں اور وہ ہر دکھ پریشانی آزمائش سے محفوظ رہے ، پورے خلوص اور سچے پیار کے ساتھ ان کی خدمت کریں اور جو والدین کی نعمت سے محروم ہیں وہ اس دعا کا ورد کرتے رہے

           “ رَبّ ارࣿحَمࣿھُمَا کَمَا رَ بَّیَانِیࣿ صَغِیࣿرًا( سورہ بنی اسرائیل # 24) “ اے میرے رب میرے ماں باپ پر رحم فرما جیسا کہ انہوں نے بچپن میں مجھ پر رحم کیا “ 

اللّہ سے دعا ہے کہ ہمیں والدین کی قدر نصیب فرما اور انکے لئے محبت ،خدمت، اطاعت وحسن سلوک کا جذبہ عطا فرما اور بہترین اولاد میں شمار فرما آمین 

                                   تیری خوشبو نہیں ملتی تیرا لہجہ نہیں ملتا 

                                 ہمیں تو شہر میں کوئ تیرے جیسا نہیں ملتا