ثمینہ ضیاء
سٹی Oshawa.
آ تجھ کو بتاتا ہوں تقدیر امم کیا ہیں
شمشیر ثناء اول طاؤس رباب آخر ۔۔۔
گہما گہمی زور وشور اور بلند حوصلگی کے ساتھ اکنا کینیڈا نے مورخہ 12 اور 13 اکتوبر 2024 کو زبردست کنونشن منعقد کیا ۔ اعلیٰ انتظام ، مضبوط ٹیم ورک اور اللہ کی محبت و سرشاری کی ساری قوتیں سمیٹے۔۔۔اکنا ممبر بردارز اور خواتین نے اپنا بھرپور حصہ، تیاری اور تعاون پیش کیا ۔خاص کر کے نوجوانوں کا جوش و جذبہ قابل تحسین تھا ۔۔بڑے تو اپنے فرائض منصبی سنبھال ہی رہے تھے نوجوان بچے ،بچیوں کے دمکتے چہرے اور پر عزم حوصلے آنے والے دور کی امید افزا نوید پیش کرتے نظر آئے ۔
پروگرام میں کمپیئرنگ سے لیکر تلاوت و تقریر تک یہ نئ نسل اپنے اکابرین کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی تھی ۔گویا کہ سرگوشی کر رہی ہو کہ ہم ہی وہ شاہین ہیں جس کا خواب اقبال نے دیکھا تھا ۔کنونشن کی تھیم موجوہ دور کے تقاضوں کی مناسبت سے رکھی گئ تھی ۔یہ امت ، امت واحدہ ہے ۔امت کے لئے فکرمندی ،امت کا اتحاد اور امت کے لئے کچھ کر گزرنے کا عزم و ارادہ حاصل پروگرام تھا ۔پروگرامات میں مرد و خواتین کی بھرپور شرکت اس بات کی گواہی دے رہی تھی کہ ہم اپنے کام اور مقصد کو بھولے نہیں ہیں۔خاص طور سے خواتین جو ایک طرف اپنے گھر, بچوں کی تربیت کے لئے فکرمند ہیں اور دوسری طرف اپنے دین کے قیام اور اپنی تہذیب اور ثقافت کے فروغ کے لئے کمربستہ ہیں انکی دلچسپی اور کنونشن میں بھر پور تعاون اس بات کی گواہی دے رہا تھا ۔
خاندان ایک مضبوط اکائ ہے، جو ایک مسلم گھرانے کے قیام کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ھے ۔ رشتے مضبوط ہوں تو خاندان مضبوط ہوتا ہے، لیکن آج کے دور میں بچوں کی شادی کے مرحلے میں بہت سے چیلنجز ہیں ۔انہی چیلینجز اور اہمیت کے پیشِ نظر اکنا سسٹرز کینیڈا نے اپنے شعبہ matrimonial کےتحت ایک بھرپور سیشن کا اہتمام کیا۔ جس میں رشتے کے امیدوار جوڑے اور ان کے والدین مدعو تھے ۔
انتہائی خوش گوار م کے اور پروقار ماحول میں یہ سیشن اختتام پزیر ہوا ۔
اکنا کنونشن کا ایک زبردست سیشن اکنا سسٹرز الضحیٰ کی گریجویشن تھی ۔۔🎓 روداد کچھ یوں ہے کہ اکنا کنونشن میں ایک parallel program ہمارے انسٹیٹیوٹ الضحی کے online English campus اور urdu campus کا Convocation بھی تھا۔ 78 بہنوں کو اردو اور 20 بہنوں کو انگلش کورسز کے سرٹیفکیٹ دئیے گئے۔ اکنا الضحی انسٹیٹیوٹ کے پلیٹ فارم سے ہماری بہنوں کو بہترین تربیت مہیا کی جاتی ہے تاکہ وہ داعی کا کردار بخوبی نبھا سکیں اور اس دور فتن سے اگلی نسلوں کی حفاظت میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔ایمان اور عمل کے ارادے سے آراستہ یہ خواتین پرُعظم اور پر وقار تقریب کا حصہ بنی ۔۔
اس کنونشن میں نارتھ امریکہ کے طول و عرض سے بہترین اسکالرز بھی مدعو تھے جنہوں نے اپنے بیانات سے کنونشن کے ماحول کو پر اثر تو بنایا ہی ۔ساتھ ساتھ YM Youth Muslim کے parallel سیشن میں اپنی تقاریر سے نوجوانوں کے لہو بھی گرماتے رہے ۔ کنونشن کے دوران کھانے اور نماز کا وقفہ بھی تھا ۔ اتنے بڑے مجمع میں نماز پڑھنا روح میں ایک سرشاری سی پیدا کر رہا تھا ۔ نوجوان والینٹر جگہ بنانے کے لئے جلدی جلدی کرسیاں اور چٹائی بچھا رہے تھے ۔ان بچوں کو دیکھ کر دل سے دعائیں نکل رہی تھیں اور ایک گونا گوں سکون سا دل میں اتر رہا تھا ۔وقفوں میں ممبران خواتین اور حضرات کو ملاقاتوں کا ایک خوبصورت موقعہ بھی ملا ۔
کنونشن میں خاص اور منفرد بات کنونشن کا بازار تھا جس میں مختلف بوتھ اور اسٹالز تھے۔لوگ اپنی اپنی پسند کی چیزیں خرید رہے تھے ۔ان ہی اسٹالز کے ساتھ ساتھ اکنا سسٹرز کا بھی بوتھ تھا جہاں ممبر بہنیں خوش دلی اور مسکراتے چہروں کے ساتھ آنے والی بہنوں کا استقبال کر رہی تھی ۔اکنا برادرز ، اکنا ریلیف کے بوتھ پر بھی خاصے سرگرم نظر آرہے تھے ۔ ساتھ ہی ایک بڑا سا food court بھی تھا جہاں مہمانوں کو کھانے اور مختلف مشروبات سے لطف اندوز ہونے کا موقع مل رہا تھا ۔۔۔ویسے کنونشن کی چائے بہت لاجواب تھی میری طرح چائے کے شوقین ضرور اس سے اتفاق کریں گے ۔ یقینی طور سے اکنا کینیڈا کنونشن نے نہ صرف اپنے ممبران کو بلکہ مسلم کمیونٹی کی ایک بہت بڑی تعداد کو بہترین ماحول میں اعتماد کے ساتھ دین کو جاننے سمجھنے کا موقع فراہم کیا ۔امت کے اتحاد کی طرف توجہ دلائی اور ساتھ ساتھ سوسائٹی کی چیلنجز کا جواب بھی دیا ۔۔