اکنا کینیڈا کنونشن ۔۔2023
ثمینہ ضیاء
سٹی Oshawa.
آ تجھ کو بتاتا ہوں تقدیر امم کیا ہیں۔۔۔
گہما گہمی زور و شور اور بلند حوصلے کے ساتھ اکنا کینیڈا نے مورخہ 7 اور 8 اکتوبر 2023 کو اس سال کا زبردست کنونشن منعقد کیا ۔ اعلیٰ انتظام ، مضبوط ٹیم ورک اللہ کی محبت سے سرشاری کی ساری قوتیں سمیٹے۔۔۔اکنا ممبران مرد اور خواتین نے اپنا بھرپور حصہ اور تعاون پیش کیا ۔خاص کر کے نوجوانوں کا جوش و جذبہ قابل تحسین تھا ۔۔بڑے تو اپنے فرائض منصبی سنبھال ہی رہے تھے نوجوان بچے ،بچیوں کے دمکتے چہرے اور پر عزم حوصلے آنے والے دور کی امید افزا نوید پیش کرتے نظر آئے ۔ پروگرام میں کمپیئرنگ سے لیکر تلاوت و تقریر تک یہ نئ نسل اپنے اکابرین کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی تھی ۔ گویا کہ سرگوشی کر رہی ہو کہ ہم ہی وہ شاہین ہیں جن کا خواب اقبال نے دیکھا تھا ۔
کنونشن کی تھیم faith and family foundation for successموجوہ دورکے تقاضوں کی مناسبت سے رکھی گئ تھی ۔
خاندان ،معاشرہ کی وہ مضبوط اکائی ھے جس کو کامیابی سے لیکر چلنا ھے ۔
اکنا سسٹرز کینیڈا نے بھی پروگرامات کے سیشن انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں پیش کئے ۔پروگرامات میں خواتین کی بھرپور شرکت اس بات کی گواہی دے رہی تھی کہ خواتین اپنے کام اور مقصد کو بھولی نہیں ہیں۔ ایک طرف وہ اپنے گھر, بچوں کی تربیت کے ساتھ ساتھ اپنے دین کے قیام اور اپنی تہذیب اور ثقافت کے فروغ کے لئے کمر بستہ ہیں ۔
دوسری طرف خاندان کی مضبوط اکائ جو ایک گھرانے کے قیام کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ھے اس کے چیلینجز کو بھی سمجھتی ہیں ۔انہی چیلینجز اور اہمیت کے پیشِ نظر اکنا سسٹرز کینیڈا نے اپنے شعبہ matrimonial کےتحت ایک بھرپور سیشن کا اہتمام رکھا تھا جس میں رشتے کے امیدوار جوڑے اور ان کے والدین مدعو تھے ۔ انتہائی خوش گوار موڈ کے ساتھ ایک پروقار ماحول میں یہ سیشن پیش کیا گیا ۔
اس کنونشن میں نارتھ امریکہ کے طول و عرض سے بہترین اسکالرز بھی مدعو تھے جنہوں نے اپنے بیانات سے کنونشن کے ماحول کو پر اثر تو بنایا ہی ، ساتھ ساتھ YM Youth Muslim کے parallel سیشن میں اپنی تقاریر سے نوجوانوں کے لہو بھی گرماتے رہے ۔
کنونشن کے دوران کھانے اور نماز کا وقفہ بھی تھا ۔ اتنے بڑے مجمع میں نماز پڑھنا روح میں ایک سرشاری سی پیدا کر رہا تھا ۔ نوجوان والینٹیر جوتے رکھنے کے لئے تھیلیاں پکڑا رہے تھے اور جگہ بنانے کے لئے جلدی جلدی کرسیاں اور چٹائی بچھا رہے تھے ۔ان بچوں کو دیکھ کر دل سے دعائیں نکل رہی تھی ایک گونا گوں سکون سا دل میں اتر رہا تھا ۔وقفوں میں ممبران خواتین اور حضرات کو ملاقاتوں کا ایک خوبصورت موقعہ بھی ملا ۔
کنونشن میں خاص اور منفرد بات کنونشن کا بازار تھا جس میں مختلف بوتھ اور اسٹالز تھے۔
ساتھ ہی ایک بڑا سا food court بھی تھا جہاں مہمانوں کو کھانے اور مختلف مشروبات سے لطف اندوز ہونے کا موقع مل رہا تھا ۔۔۔ویسے کنونشن کی چائے بہت لاجواب تھی میری طرح چائے کے شوقین ضرور اس سے اتفاق کریں گے ۔ یقینی طور سے اکنا کینیڈا کنونشن نے نہ صرف اپنے ممبران کو بلکہ مسلم کمیونٹی کی ایک بہت بڑی تعداد کو بہترین ماحول میں اعتماد کے ساتھ دین کو جانے سمجھنے کا موقع فراہم کیا ۔