Skip to content

چیری بلاسم سیزن

Sobia Butt 

Toronto

ایمان والے کے لیے ایک یاد دہانی اور امید!

“کیا تم نے نہ دیکھا کہ اللہ نے کلمہ پاک کی کیسی مثال بیان فرمائی ہے جیسے ایک پاکیزہ درخت ہو جس کی جڑ قائم ہو اور اس کی شاخیں آسمان میں ہوں” . Surah Ibrahim:24

   چیری بلاسم ایک حسین درخت ہے جو اپنے خوبصورت رنگوں اور ساخت کی بنا پر باقی سب درختوں میں بہت ہی جدا اور ممتاز دکھائی دیتا ہے مگر اس حسن کے عروج تک پہنچنے میں اسے بہت سارے مراحل سے گزرنا پڑتا ہے-  ایک طویل عرصہ اس حسن کی تیاری اور آمد تک اسے اس صحیح وقت کا انتظار جھیلنا پڑتا ہے جب وہ اپنی خوبصورتی سے چکا چوند کر سکے اور مداحوں کی ستائش بھری نگاہیں اس پر ٹھہر جائیں –
ایمان والے اللہ تعالی کی قدرت کی ہر نشانی سے اپنے لیے بہت سے سبق سیکھتا ہے تو آئیے اج کچھ سبق ہم چیری بلاسم درخت سے اپنے لیے سیکھیں!

1. چیری  بلاسم درخت بہت ہی حسین اور پرکشش درخت ہوتے ہیں۔ قدرت کے نظاروں سے محبت رکھنے والوں کے لیے طویل انتظار مقدر ہوتا ہے، تب جا کر وہ اس کے نظارے سے لطف لینے کے قابل ہوتے ہیں اسی طرح ایک ایمان والا بھی ایک طویل مجاہدہ اور تزکیہ کے سفر مسلسل سے گزرتا ہے تب جا کر اللہ کے بندے اس کی کشش اور حسن سیرت سے فائدہ لینے کے قابل بنتے ہیں۔

نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: “تم میں بہترین لوگ وہ ہیں جو عام لوگوں کے لیے سب سے زیادہ نفع بخش ہیں”۔ 139/6 المعجم الأوسط

2. چیری بلاسم پھول ایک مخصوص موسم میں کھیلتے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ اسے باقی سال خود پر کام کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اسے اس مخصوص موسم میں کھلنے کے لیے بہت سارے مشکل حالات اور موسموں کا مقابلہ کرنا پڑتا ہے۔ بالکل اسی طرح ایک ایمان والے کو بھی خود پر مسلسل مجاہدہ کرنا پڑتا ہے ،اندرونی اور بیرونی فتنوں اور شیاطین سے مقابلہ کرنا پڑتا ہے دن رات کے محاسبے میں رہتے ہوئے وہ اللہ کی توفیق سے پھر ایسے کام کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے جو ہمیشہ کے لیے نشان چھوڑ جائے اور اس کو انجام خیر سے ہمکنار کرے.
“بیشک ایمان والے کامیاب ہوگئے”۔الْمُؤْمِنُوْنَ:1

3. جیری بلاسم کینیڈا میں ایک غیر مقامی درخت ہے ،مگر پھر بھی اس کی خوبصورتی بہار میں اضافے کا ذریعہ بنتی ہے اور سیاحوں کے لیے بڑی ہی کشش کا باعث ہوتا ہے۔ خواہ مختصر وقت کے لیے ہی صحیح۔’ اسی طرح ایک ایمان والا بھی اس دنیا میں کسی اجنبی یا مسافر کی طرح ہوتا ہے مگر اپنے اس مختصر قیام میں بھی وہ اپنے افکار و کردار کے بھرپور اثرات چھوڑ کر جاتا ہے …
عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ` رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرا شانہ پکڑ کر فرمایا ”دنیا میں اس طرح ہو جا جیسے تو مسافر یا راستہ چلنے والا ہو۔“Bukhari: 6416

4.  چیری بلاسم دیگر درختوں میں ایک منفرد اور نمایاں پہچان رکھتا ہے اپنے حسین رنگ اور ہیت کی بنا پر۔ ایک ایمان والا بھی اللہ کی مخلوق میں ممتاز اور منفرد ہوتا ہے اس کے ذات اللہ کے رنگ میں رنگے ہونے کی وجہ سے اس کے اخلاق و اعمال میں نمایاں نکھار پیدا کرتا ھے۔اس فانی دنیا کو رہنے کے قابل بنانے میں بہت اہم کردار ایک ایمان والے کا بھی ہوتا ہے-

“لوگوں میں سے سب سے اچھا وہ شخص ہے جس کی عمر لمبی ہو اور عمل بھی اچھا ہو”۔الترمذي

5.اس درخت کی ہر شاخ اور ہر پتی اس کے حسن میں اضافہ کرتی ہے اسی طرح ایمان کی ہر شاخ ایمان والے کے دل میں بھی اور عمل میں بھی انتہائی حسین پیداوار لاتی ہے جو ایمان والے کو بہت ہی پرکشش اور متاثر کن شخصیت عطا کرتی ہے –
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کہ “ایمان کی ساٹھ سے کچھ اوپر شاخیں ہیں۔ اور حیاء (شرم) بھی ایمان کی ایک شاخ ہے”۔ Bukhari:9

6. چیری بلاسم پھول صرف چند دن کے لیے کھلتے ہیں اور پھر گر جاتے ہیں جو کہ دنیا کی عارضی نوعیت کا اظہار ہے, یہ ایمان والے کو یاد دلاتی ہے کہ اس فانی دنیا میں چند دنوں کے لیے نور ایمان سے اپنے گردونواع کو روشن کرو اور اگے چلو- حسن بصری رحمہ اللہ کہتے ہیں اے ابن آدم تم کچھ بھی نہیں مگر چند دن, ہر دن جو گزرتا ہے تمہارا ایک حصہ ہمیشہ کے لیے تمہیں چھوڑ جاتا ہے –

7. اور آخر میں یہ سب زینتیں اور رونقیں انسان کو یاد دلاتی ہیں کہ خواہ کوئی شے کتنی ہی پرلطف ہو وہ لطف ایک وقت اتا ہے ختم ہو جاتا ہے- کوئی کام کتنا ہی پسندیدہ ہو ایک وقت اتا ہے اسے کرنے میں بھی انسان تھک جاتا ہے- اور کوئی کھانا کتنا ہی خوش ذائقہ ہو بھوک مٹنے پر بے لذت ہو جاتا ہے- اور انسان کتنی ہی حسین اور پرکشش مناظر میں ہو وہ تھک کر اپنے گھر کی طرف پلٹ آتا ہے ,تاکہ ارام کر سکے – ایمان والا بھی دنیا میں اپنے اپ کو اللہ کی رضا کے لیے اس طرح کھپاتا ہے کہ یہاں سے اس حال میں رخصت ہو کہ اگے جنت (دارسلام) میں اپنے حقیقی اور دائمی گھر میں جا کر صحیح معنوں میں ارام کر سکے- ایمان والا  اس دن کا امید اور ایمان کے ساتھ منتظر ہوتا ہے جب اسے اپنے رب کی دائمی رضا مل جائے-  وہ دن ہوگا ابدی خوشی کا دن! حقیقی امن اور سکون کا دن!  لا متناہی نعمتوں بھری جنت عدن میں جانے کا دن!
يٰۤاَيَّتُهَا النَّفۡسُ الۡمُطۡمَٮِٕنَّةُ.
اے اطمینان پانے والی روح!
ارۡجِعِىۡۤ اِلٰى رَبِّكِ رَاضِيَةً مَّرۡضِيَّةً‌ۚ‏
اپنے پروردگار کی طرف لوٹ چل۔ تو اس سے راضی وہ تجھ سے راضی. فَادۡخُلِىۡ فِىۡ عِبٰدِىۙ‏
تو میرے (ممتاز) بندوں میں شامل ہو جا
وَادۡخُلِىۡ جَنَّتِى❤‏
اور میری بہشت میں داخل ہو جا! Surah Fajr:27/30

اللہ ہم سب کو بے حساب جنت الفردوس کے اعلی مقام عطا کرے- امین!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *