Skip to content

سحری آسان نو کُکنگ

  • by

نیر تاباں

Calgary

امی کے ہاتھ سے جب تک سحری کرتے رہے، پراٹھا اور خاگینہ پسندیدہ رہا یا پھر دیسی گھی اور شکر کی چُوری۔ کھانے میں اچھا لگتا تھا، لیکن جب سکول کالج کے لئے جاگتے تو سب اوپر آ رہا ہوتا اور جاگنے کے بعد کا کچھ وقت دل بوجھل رہتا۔ مجھے لگا کہ سحری کر کے سو جانے کی وجہ سے ایسا ہوتا ہے۔ حالانکہ وجہ وہ روٹی، پراٹھا تھا یا شاید پیٹ بھر کر کھانا۔

پھر جب شادی کے بعد خود سحری بنانے کا وقت آیا تو میری چاہت تھی کہ سحری میں کچھ پکانا نہ پڑے۔ وہ رمضان دودھ کھجور پر سحری ہوئی۔ پھر کوئی رمضان سیب اور دودھ کھجور۔ امی سنتی تو انہیں میلوں دور فکر لگ جاتی کہ اتنی ذرا سی سحری پر پورا روزہ کیسے گزرے گا۔ لیکن مجھے حیرت انگیز طور پر ہلکا پن محسوس ہوتا۔ نہ شدید بھوک، نہ سستی۔

وہیں سے داغ بیل پڑی نو کُکنگ سحری کی! آئیں اس سفر پر آپ کو بھی ساتھ لئے چلیں۔

چار پانچ بادام، دو اخروٹ، دو انجیر، پانچ کشمش ایک گلاس پانی میں رات بھر بھگو دیں۔ صبح پانی میں اام عبدالھادیکا ہارمونز بیلنس پاؤڈر شامل کر کے پانی پی لیں اور پھر بھیگے ہوئے نٹس الگ سے کھا لیں۔ ہارمونز بیلنس میں رہتے ہیں تو موڈ خوش گوار اور نٹس سے جسم کو فائبر، قدرتی مٹھاس اور ہیلتھی فیٹس مل جاتے ہیں۔

پنجیری DDesi Bitesوالوں کی بھی بہت اچھی ہے۔ اور پنیاں بھی۔ ابو جی کی اپروو کی ہوئی۔ آپ چاہیں تو اپنی سحری میں اسے جگہ دے سکتے ہیں۔ میں فی الحال امی کے ہاتھ کی بنی پنجیری تھوڑی سی ساتھ لیتی آئی تھی تو وہ کسی سوغات کی طرح ایک چمچ لی تھی، اس نیت اور دعا کے ساتھ کہ مجھے روزہ رکھوانے کا ثواب ان تک پہنچ جائے۔

سحری پاور بول بھی بہترین آپشن ہے۔ اس کے لئے رات بھر تھوڑے سے چیا سیڈز، فلیکس سیڈز اور اسپغول بھگو رکھیں۔ سحری کے وقت اس میں پلین، اَن سویٹینڈ گریک یوگرٹ شامل کریں، تھوڑا سا فریش فروٹ اور ہلکی سی شہد کی مقدار۔ چاہیں تو ایسے ہی کھا لیں یا بلینڈ کر کے اسموتھی بنا لیں۔ اوپر سے بادام، اخروٹ یا تھوڑا سا گرینولا ڈال دیں تو ذائقہ بھی بڑھ جاتا ہے اور غذائیت بھی۔

ایک اور آسان نو کُکنگ آپشن یہ ہے کہ رات کو کاٹیج چیز یا گریک یوگرٹ میں تھوڑے سے بھگوئے ہوئے چیا سیڈز اور کدو کے بیج (pumpkin seeds) شامل کر دیں۔ صبح اس میں کٹے ہوئے سیب یا ناشپاتی شامل کریں اور فلیور کے لئے ذرا سا دارچینی چھڑکیں۔ اس میں پروٹین بھی، فائبر بھی۔ اور سیڈز کے ڈھیر فوائد بھی۔

سحری کے وقت پروٹین ان ٹیک کا خیال رکھنا چاہئے کیونکہ یہی دیر تک انرجی کو سٹیبل رکھتا ہے۔ گریک یوگرٹ یا skyr اس کے لئے اچھا ہے اور اسے سیڈز، فریش فروٹس، گرینولہ کے ساتھ بہت ورائٹی کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انڈے بہترین ہیں تو ابلے انڈے انڈے کے ساتھ ایووکیڈو کا کمال کامبینیشن ہے۔ آدھا ایووکیڈو کافی رہتا ہے۔ ہیلتھی فیٹس بھی اور پیٹ بھی بھرتا ہے۔ ہلکی پھلکی کوئک اینڈ ایزی کوکنگ کرنا چاہیں تو آملیٹ بہت ورائٹی میں بنا سکتے ہیں جیسے کل میں نے شملہ مرچ، مشرومز، زیتون کی ٹاپنگ کے ساتھ پزا آملیٹ بنایا۔

اوور نائٹ اووٹس بھی ٹرائے کریں۔ رولڈ اوٹس لیں اور رات بھر پانی یا دودھ میں بھگو دیں۔ ساتھ ہی بادام، کھجور بھی بھگو دیں۔ صبح یہ کھانے کے لئے تیار ہے۔ اسے پکانا نہیں ہوتا۔ اسی میں تھوڑے سے چیا سیڈز بھی ساتھ ہی بھگوئے جا سکتے ہیں۔ کھانے سے پہلے تازہ فروٹ اوپر کاٹ کر ڈال لیں تو ذائقہ بھی اور اضافی غذائیت بھی۔ فروٹ اور کھجور کی مٹھاس اگر ناکافی محسوس ہو تو حسبِ ذائقہ شہد ڈال لیں۔

صحت بخش خوراک براہ راست ہمارے انرجی لیول اور موڈ کے ساتھ جڑی ہے اور ظاہر ہے کہ بہتر انرجی لیول کی رمضان میں ہمیشہ سے بڑھ کر ضرورت ہے۔ سحری صرف پیٹ بھرنے کے لئے نہیں، جسم کو متوازن توانائی دینے کے لئے ہوتی ہے۔ ہلکی، سادہ اور غذائیت سے بھرپور سحری نہ صرف دن کو آسان بناتی ہے بلکہ عبادت میں بھی یکسوئی دیتی ہے۔ اور اگر یہ سب فائدے کوکنگ کے بغیر مل جائیں تو سونے پر سہاگہ!

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *